١١

(اے نبی ﷺ !) ان سے کہیے کہ گھومو پھرو زمین میں پھر دیکھو کیسا انجام ہوا جھٹلانے والوں کا !

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٢
ان سے پوچھئے کس کا ہے جو کچھ ہے آسمانوں اور زمین میں ؟ کہہ دیجیے اللہ ہی کا ہے ! وہ تمہیں لازماً جمع کرکے لے جائے گا قیامت کے دن کی طرف جس میں کوئی شک نہیں ہے جو لوگ اپنے آپ کو خسارے میں ڈالنے کا فیصلہ کرچکے ہیں وہی ہیں جو ایمان نہیں لائیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٣
اور اسی کا ہے جو کچھ ساکن ہوجاتا ہے رات میں اور (متحرک ہوجاتا ہے) دن کے وقت۔ اور وہ سب کچھ سننے والا جاننے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٤
ان سے کہیے کیا میں اللہ کے سوا کسی اور کو اپنا ولی بنا لوں جو آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے ؟ اور وہ کھانا کھلاتا ہے اسے کھلایا نہیں جاتا (اے نبی ﷺ ! ڈنکے کی چوٹ) کہہ دیجیے مجھے تو حکم ہوا ہے کہ سب سے پہلا فرمانبردار میں خود بنوں اور تم ہرگز نہ ہونا مشرکین میں سے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٥
کہہ دیجیے کہ اگر میں اپنے پروردگار کی نافرمانی کروں تو مجھے خوف ہے ایک بڑے (ہولناک) دن کے عذاب کا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦
جو شخص اس دن اس (عذاب) سے دور رکھا گیا تو اس پر اللہ کی بڑی رحمت ہوگئی اور یہی ہوگی واضح کامیابی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٧
اور اگر تمہیں اللہ کی طرف سے پہنچا دی جائے کوئی تکلیف تو کوئی نہیں ہے اس کا دور کرنے والا سوائے اس کے اور اگر اس کی طرف سے کوئی خیر تمہیں پہنچا دی جائے تو یقیناً وہ ہرچیز پر قادر ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٨
اور وہ اپنے بندوں پر پوری طرح سے غالب ہے اور وہ ہے کمال حکمت والا اور ہر شے کی خبر رکھنے والا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٩
(اے نبی ﷺ ! ان سے) کہیے کونسی چیز ہے جو گواہی میں سب سے بڑی ہے ؟ (پھر خود ہی) کہیے کہ اللہ (کی گواہی سب سے بڑی ہے) ! وہ میرے اور تمہارے مابین گواہ ہے۔ اور میری جانب یہ قرآن وحی کیا گیا ہے تاکہ میں تمہیں بھی خبردار کر دوں اس کے ذریعے سے اور اس کو بھی جس تک یہ پہنچ جائے کیا واقعی تم لوگ گواہی دیتے ہو کہ اللہ کے ساتھ کچھ اور بھی الٰہ ہیں ؟ کہہ دیجیے (اگر تم یہ گواہی دیتے بھی ہو تو) میں اس کی گواہی نہیں دے سکتا کہہ دیجیے وہ تو بس ایک ہی الٰہ ہے اور میں بری ہوں ان تمام چیزوں سے جنہیں تم شریک ٹھہرا رہے ہو

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٠
وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب عطا فرمائی تھی پہچانتے ہیں اس کو جیسا کہ پہچانتے ہیں اپنے بیٹوں کو (البتہ) جو لوگ اپنے آپ کو تباہ کرنے پر تل گئے ہیں تو وہی ہیں جو ایمان نہیں لائیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders