١١

(ان کے ساتھ بھی ویسا ہی معاملہ ہوگا) جیسا کہ آل فرعون اور ان لوگوں کے ساتھ ہوا جو ان سے پہلے گزرے انہوں نے بھی ہماری آیات کو جھٹلایا تھا تو اللہ نے پکڑا ان کو ان کے گناہوں کی پاداش میں اور اللہ سزا دینے میں بہت سخت ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٢
(اے نبی ﷺ !) کہہ دیجیے ان لوگوں سے جو کفر کی روش اختیار کر رہے ہیں کہ تم سب کے سب (دُنیا میں) مغلوب ہو کر رہو گے اور (پھر آخرت میں) جہنم کی طرف گھیر کرلے جائے جاؤ گے اور وہ بہت برا ٹھکانہ ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٣
تمہارے لیے ایک نشانی آچکی ہے ان دو گروہوں میں جنہوں نے آپس میں جنگ کی ایک گروہ اللہ کی راہ میں جنگ کر رہا تھا اور دوسرا کافر تھا وہ انہیں دیکھ رہے تھے اپنی آنکھوں سے کہ ان سے دوگنے ہیں اور اللہ تعالیٰ تائید فرماتا ہے اپنی نصرت سے جس کی چاہتا ہے اس میں یقیناً ایک عبرت ہے آنکھیں رکھنے والوں کے لیے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٤
مزین کردی گئی ہے لوگوں کے لیے مرغوبات دنیا کی محبت جیسے عورتیں اور بیٹے اور جمع کیے ہوئے خزانے سونے کے اور چاندی کے اور نشان زدہ گھوڑے اور مال مویشی اور کھیتی یہ سب دنیوی زندگی کا سروسامان ہے لیکن اللہ کے پاس ہے اچھا لوٹنا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٥
ان سے کہیے کہ کیا میں تمہیں بتاؤں ان تمام چیزوں سے بہتر شے کون سی ہے ؟ جو لوگ تقویٰ اختیار کرتے ہیں ان کے لیے ان کے رب کے پاس ایسے باغات ہیں جن کے دامن میں ندیاں بہتی ہوں گی ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور ان کے لیے بڑی ہی پاک عورتیں ہوں گی اور (سب سے بڑھ کر) اللہ کی خوشنودی ہوگی اور اللہ اپنے بندوں کو دیکھ رہا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦
جو یہ کہتے رہتے ہیں پروردگار ! ہم ایمان لے آئے پس ہمارے گناہوں کو بخش دے اور ہمیں آگ کے عذاب سے بچا لے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٧
صبر کرنے والے اور راست باز اور فرماں بردار اور اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے اور اوقات سحر میں مغفرت چاہنے والے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٨
اللہ خود گواہ ہے کہ اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور سارے فرشتے (گواہ ہیں) اور اہل علم بھی (اس پر گواہ ہیں) وہ عدل وقسط کا قائم کرنے والا ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں وہ زبردست ہے کمال حکمت والا ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٩
یقیناً دین تو اللہ کے نزدیک صرف اسلام ہی ہے اور اہل کتاب نے اختلاف نہیں کیا اس کے بعد کہ ان کے پاس علم آچکا تھا مگر باہمی ضدم ضدا کے سبب سے اور جو کوئی اللہ کی آیات کا انکار کرتا ہے تو (وہ یاد رکھے کہ) اللہ بہت جلد حساب چکا دینے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٠
پھر (اے نبی ﷺ اگر وہ آپ ﷺ سے حجت بازی کریں تو آپ کہہ دیں کہ میں نے تو اپنا چہرہ اللہ کے سامنے جھکا دیا ہے اور انہوں نے بھی جو میرا اتباع کر رہے ہیں اور (اے نبی ﷺ !) آپ کہہ دیجیے ان سے بھی کہ جنہیں کتاب دی گئی تھی (یعنی یہود اور نصاریٰ) اور اُمّییّن سے بھی کہ کیا تم بھی اسی طرح اسلام لاتے ہو ؟ پس اگر وہ بھی اسی طرح اسلام لے آئیں تو ہدایت پر ہوجائیں گے اور اگر وہ منہ موڑ لیں تو (اے نبی ﷺ !) آپ ﷺ پر ذمہ داری صرف پہنچا دینے کی ہے اور اللہ اپنے بندوں کے حال کو دیکھ رہا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders