١١١

(اے مسلمانو !) یہ تمہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکیں گے سوائے تھوڑی سی کو فت کے اور اگر یہ تم سے جنگ کریں گے تو پیٹھ دکھا دیں گے پھر ان کی مدد نہیں کی جائے گی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٢
ان کے اوپر ذلت تھوپ دی گئی ہے جہاں کہیں بھی پائے جائیں سوائے یہ کہ (انہیں کسی وقت) اللہ کا کوئی سہارا حاصل ہوجائے یا لوگوں کی طرف سے کوئی سہارا مل جائے اور یہ اللہ تعالیٰ کے غضب کے مستحق ہوگئے اور ان کے اوپر کم ہمتی مسلط کردی گئی یہ اس لیے ہوا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی آیات کا انکار کرتے رہے اور انبیاء کو ناحق قتل کرتے رہے اور یہ اس لیے ہوا کہ انہوں نے نافرمانی کی روش اختیار کی اور حدود سے تجاوز کرتے رہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٣
یہ سب کے سب برابر نہیں ہیں اہل کتاب میں ایسے لوگ بھی ہیں جو (سیدھے راستے پر) قائم ہیں رات کے اوقات میں اللہ کی آیات کی تلاوت کرتے ہیں اور سجدہ کرتے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٤
وہ ایمان رکھتے ہیں اللہ پر اور یوم آخر پر اور نیکی کا حکم دیتے ہیں اور برائی سے روکتے ہیں اور نیکیوں میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں اور یقیناً یہ لوگ صالحین میں سے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٥
جو خیر بھی یہ کریں گے تو اس کی ناقدری نہیں کی جائے گی اور اللہ ایسے متقی لوگوں سے خوب واقف ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٦
(اس کے برعکس) جو لوگ کفر پر اڑ گئے ان کے کام نہیں آسکیں گے نہ ان کے اموال نہ ان کی اولاد اللہ سے بچانے میں کچھ بھی یہی لوگ جہنمی ہیں اسی میں وہ ہمیشہ رہیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٧
دنیا کی اس زندگی میں یہ لوگ جو بھی خرچ کرتے ہیں اس کی مثال ایسی ہے کہ جیسے ایک زور دار آندھی جس میں پالا ہو وہ کسی ایسی قوم کی کھیتی کو آپڑے جس نے اپنی جانوں پر ظلم کیا ہو پھر وہ اس (کھیتی) کو تباہ و برباد اور تہس نہس کر کے رکھ دے اور ان پر اللہ نے کوئی ظلم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی جانوں پر خود ظلم ڈھا رہے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٨
اے اہل ایمان ! اپنے سوا کسی کو اپنا رازدار نہ بناؤ وہ تمہارے لیے کسی خرابی میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے انہیں پسند ہے وہ چیز جو تمہیں تکلیف اور مشقت میں ڈالے ان کی دشمنی ان کے منہ سے بھی ظاہر ہوچکی ہے اور جو کچھ ان کے سینے چھپائے ہوئے ہیں وہ اس سے بھی بڑھ کر ہے ہم نے تمہارے لیے اپنی آیات کو واضح کردیا ہے اگر تم عقل سے کام لو

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٩
یہ تم ہی ہو کہ ان کو دوست رکھتے ہو لیکن (جان لو کہ) وہ تو تم سے محبت نہیں کرتے حالانکہ (تمہاری شان یہ ہے کہ) تم پوری کتاب کو مانتے ہو اور جب یہ تم سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں ہم بھی مؤمن ہیں اور جب وہ خلوت میں ہوتے ہیں تو اب تم پر غصہ کی وجہ سے اپنی انگلیاں چباتے ہیں ان سے کہو مرجاؤ اپنے اس غم و غصہ میں یقیناً اللہ تعالیٰ جو کچھ سینوں کے اندر مضمر ہے اس سے بھی واقف ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٢٠
(اے مسلمانو !) اگر تمہیں کوئی بھلائی پہنچ جائے تو ان کو بری لگتی ہے اور اگر تمہیں کوئی تکلیف پہنچے تو اس سے وہ خوش ہوتے ہیں لیکن اگر تم صبر کرتے رہو اور تقویٰ کی روش اختیار کیے رہو تو ان کی یہ ساری چالیں تمہیں کوئی مستقل نقصان نہیں پہنچا سکیں گی جو کچھ یہ کر رہے ہیں یقیناً اللہ تعالیٰ اس کا احاطہ کیے ہوئے ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders