٢١

اور اس نے قسمیں کھا کھا کر ان کو یقین دلایا کہ میں آپ دونوں کے لیے بہت ہی خیر خواہ ہوں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٢
تو اس نے دھوکہ دے کر انہیں مائل کر ہی لیا تو جب ان دونوں نے چکھ لیا اس درخت کے پھل کو تو ظاہر ہوگئیں ان پر ان کی شرمگاہیں اور وہ لگے گانٹھنے جنت کے (درختوں کے) پتوں کو اپنے اوپر (لباس بنانے کے لیے) اور اب آواز دی ان دونوں کو ان کے رب نے کہ کیا میں نے تمہیں منع نہیں کیا تھا اس درخت سے اور کیا میں نے تم سے کہا نہیں تھا کہ شیطان تم دونوں کا کھلا دشمن ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٣
(اس پر) وہ دونوں پکار اٹھے کہ اے ہمارے رب ہم نے ظلم کیا اپنی جانوں پر اور اگر تو نے ہمیں معاف نہ فرمایا اور ہم پر رحم نہ فرمایا تو ہم تباہ ہونے والوں میں سے ہوجائیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٤
(اللہ نے) فرمایا تم سب اتر جاؤ (اب) تم ایک دوسرے کے دشمن ہو اور تمہارے لیے زمین میں ٹھکانہ ہے اور (ضرورت کا) سازوسامان بھی ایک وقت معین تک

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٥
پھر فرمایا کہ (اب) تم اسی (زمین) میں زندگی گزارو گے اسی میں مرو گے اور اسی میں سے تمہیں نکال لیا جائے گا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٦
اے آدم ؑ کی اولاد ہم نے تم پر لباس اتارا جو تمہاری شرمگاہوں کو ڈھانپتا ہے اور آرائش و زیبائش کا سبب بھی ہے اور (اس سے بڑھ کر) تقویٰ کا لباس جو ہے وہ سب سے بہتر ہے یہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہے تاکہ یہ لوگ نصیحت اخذ کریں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٧
اے بنی آدم (دیکھو اب) شیطان تمہیں فتنہ میں نہ ڈالنے پائے جیسے کہ تمہارے والدین کو اس نے جنت سے نکلوادیا تھا (اور) اس نے اتروا دیا تھا ان سے ان کا لباس تاکہ ان پر عیاں کر دے ان کی شرمگاہیں یقیناً وہ اور اس کی ذریت وہاں سے تم پر نظر رکھتے ہیں جہاں سے تم انہیں دیکھ نہیں سکتے ہم نے تو شیاطین کو ان لوگوں کا دوست بنا دیا ہے جو ایمان نہیں لاتے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٨
اور جب یہ لوگ کوئی بےحیائی کا کام کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم نے پایا ہے یہی کچھ کرتے ہوئے اپنے آباء و اَجداد کو اور اللہ نے ہمیں اس کا حکم دیا ہے (اے نبی ﷺ ! ان سے) کہہ دیجیے کہ اللہ تعالیٰ بےحیائی کا حکم نہیں دیتا تو کیا تم اللہ کی طرف منسوب کر رہے ہو وہ کچھ جس کا تمہیں کوئی علم نہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٩
آپ ﷺ کہیے کہ میرے رب نے تو حکم دیا ہے انصاف (اور عدل و توازن) کا اور اپنے رخ سیدھے کرلیا کرو ہر نماز کے وقت اور اسی کو پکارا کرو اسی کے لیے اپنی اطاعت کو خالص کرتے ہوئے جیسے اس نے تمہیں پہلے پیدا کیا تھا اسی طرح تم دوبارہ بھی پیدا ہوجاؤگے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٠
ایک گروہ کو اس نے ہدایت دے دی ہے اور ایک گروہ وہ ہے جس کے اوپر گمراہی مسلط ہوچکی ہے (اور یہ اس لیے کہ) انہوں نے شیطانوں کو اپنا ساتھی بنا لیا اللہ کو چھوڑ کر اور سمجھتے یہ ہیں کہ ہم ہدایت پر ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders