١١

اے مسلمانو ! جب تمہیں کہا جائے کہ مجالس میں کھل کر بیٹھو تو کھل جایا کرو اللہ تمہارے لیے کشادگی پیدا کر دے گا۔ اور جب کہا جائے کہ اٹھ جائو تو اٹھ جایا کرو اللہ بلند فرما دے گا ان لوگوں کے درجات جو تم میں سے واقعی ایمان والے ہیں اور جن کو حقیقی علم عطا ہوا ہے۔ اور تم جو کچھ کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٢
اے اہل ایمان ! جب تم رسول ﷺ سے تخلیہ میں کوئی بات کرنا چاہو تو اپنی اس بات چیت سے پہلے کچھ صدقہ دے دیا کرو۔ یہ تمہارے لیے بہتر بھی ہے اور زیادہ پاکیزہ بھی۔ البتہ اگر تم (صدقہ دینے کے لیے) کچھ نہ پائو تو اللہ بہت بخشنے والا بہت رحم کرنے والا ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٣
کیا تم ڈر گئے اس سے کہ (رسول ﷺ کے ساتھ) اپنی تنہائی کی باتوں سے پہلے صدقات پیش کرو ؟ پھر جب تم نے یہ نہیں کیا اور اللہ نے بھی تم پر نظر ِ عنایت فرما دی تو بس نماز قائم رکھو زکوٰۃ ادا کرتے رہو اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرتے رہو۔ اور اللہ باخبر ہے اس سے جو تم کر رہے ہو۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٤
کیا تم نے غور نہیں کیا ان لوگوں (کے طرزِعمل) پر جنہوں نے دوستی گانٹھی ہے ان لوگوں سے جن پر اللہ کا غضب ہوا ہے۔ نہ وہ تم میں سے ہیں اور نہ ان میں سے ہیں اور وہ جانتے بوجھتے جھوٹ پر قسمیں اٹھاتے ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٥
اللہ نے تیار کر رکھا ہے ان کے لیے سخت عذاب یقینا بہت ہی برا ہے وہ طرزعمل جو وہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦
انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنا لیا ہے پس وہ اللہ کے راستے سے رک گئے ہیں (اور دوسروں کو بھی روکتے ہیں) پس ان کے لیے اہانت آمیز عذاب ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٧
ان کے کچھ بھی کام نہیں آئیں گے ان کے اموال اور نہ ہی ان کی اولادیں اللہ سے بچانے کے لیے۔ یہ آگ والے ہیں اسی میں یہ ہمیشہ ہمیش رہیں گے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٨
جس دن اللہ ان سب کو اٹھائے گا تو وہ اس کے سامنے بھی قسمیں کھائیں گے جیسے (آج) تمہارے سامنے قسمیں کھاتے ہیں اور وہ سمجھیں گے کہ وہ کسی بات پر ہیں۔ آگاہ ہو جائو کہ وہ بالکل جھوٹے ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٩
شیطان نے ان کے اوپر قابو پا لیا ہے پس انہیں اللہ کی یاد بھلا دی ہے۔ یہ لوگ ہیں شیطان کی جماعت۔ آگاہ ہو جائو ! شیطان کی جماعت کے لوگ ہی حقیقت میں خسارہ اٹھانے والے ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٠
یقینا جو لوگ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی مخالفت پر ُ تلے بیٹھے ہیں وہی ذلیل ترین لوگوں میں سے ہوں گے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders