٤١

اور جان لو کہ جو بھی غنیمت تمہیں حاصل ہوئی ہے اس کا خمس (پانچواں حصہ) تو اللہ کے لیے رسول ﷺ کے لیے اور (رسول ﷺ کے) قرابت داروں کے لیے ہے اور (اس میں حصہ ہوگا) یتیموں مسکینوں اور مسافروں کے لیے (بھی) اگر تم ایمان رکھتے ہو اللہ پر اور اس شے پر جو ہم نے نازل کی اپنے بندے پر فیصلے کے دن جس دن دو فوجوں کا ٹکراؤ ہوا تھا اور اللہ ہر شے پر قادر ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٢
جب تم لوگ تھے قریب والے کنارے پر اور وہ لوگ تھے دور والے کنارے پر اور قافلہ تم سے نیچے تھا اور اگر تم لوگ آپس میں میعاد ٹھہرا کر نکلتے تو بھی وقت مقررہ (پر پہنچنے) میں تم ضرور مختلف ہوجاتے لیکن (یہ سب کچھ اس لیے ہوا) تاکہ اللہ فیصلہ کردے اس کام کا جو ہونے ہی والا تھا تاکہ جسے ہلاک ہونا ہے وہ ہلاک ہو بات واضح ہوجانے کے بعد اور جسے زندہ رہنا ہے وہ زندہ رہے واضح دلیل کی بنا پر۔ یقیناً اللہ سب کچھ سننے والا اور جاننے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٣
جب اللہ آپ کو دکھا رہا تھا (اے نبی ﷺ انہیں آپ کی نیند میں کم تعداد میں اور اگر آپ ﷺ کو دکھاتا کہ وہ کثیر تعداد میں ہیں (تو اے مسلمانو !) تم ضرور کمزوری دکھاتے اور معاملے میں اختلاف کرتے لیکن اللہ نے سلامتی پیدا فرما دی۔ یقیناً وہ واقف ہے اس سے جو کچھ سینوں کے اندر ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٤
اور جب تم آمنے سامنے ہوئے تو تمہاری نظروں میں انہیں (کفار کو) تھوڑا کر کے دکھاتا تھا اور ان کی نظروں میں تمہیں تھوڑا کر کے دکھاتا تھا تاکہ اللہ پورا کر دے اس معاملے کو جو ہونے والا ہی تھا۔ اور تمام معاملات (بالآخر تو) اللہ ہی کی طرف لوٹا دیے جائیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٥
اے اہل ایمان ! جب بھی تمہارا مقابلہ ہو کسی گروہ سے تو ثابت قدم رہو اور اللہ کا ذکر کرتے رہوکثرت کے ساتھ تاکہ تم فلاح پاؤ

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٦
اور حکم مانو اللہ کا اور اس کے رسول ﷺ کا اور آپس میں جھگڑا نہ کرو ورنہ تم ڈھیلے پڑجاؤ گے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی اور ثابت قدم رہو۔ یقیناً اللہ ثابت قدم رہنے والوں کے ساتھ ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٧
اور ان لوگوں کی مانند نہ ہوجانا جو نکلے تھے اپنے گھروں سے اتراتے ہوئے لوگوں کو دکھانے کے لیے اور وہ اللہ کے راستے سے روک رہے تھے۔ اور جو کچھ وہ لوگ کر رہے تھے اللہ اس کا احاطہ کیے ہوئے تھا۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٨
اور جب شیطان نے ان کے لیے ان کے اعمال کو مزین کردیا تھا اور اس نے (ان سے) کہا تھا کہ آج تم پر انسانوں میں سے کوئی غالب نہیں آسکتا اور میں بھی تمہارے ساتھ ہی ہوں پھر جب دونوں لشکر آمنے سامنے ہوئے تو وہ اپنی ایڑیوں کے بل پیچھے پھر گیا اور کہنے لگا کہ میں تم سے لا تعلق ہوں میں وہ کچھ دیکھ رہا ہوں جو تم نہیں دیکھ رہے ہو مجھے اللہ کا خوف ہے۔ اور اللہ سزا دینے میں بہت سخت ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٩
جب کہہ رہے تھے منافقین اور وہ لوگ جن کے دلوں میں روگ تھا اِن (مسلمانوں) کو تو ان کے دین نے بالکل دھوکے میں ڈال دیا ہے اور (انہیں کیا پتا کہ) جو کوئی توکل کرتا ہے اللہ پر تو اللہ زبردست ہے حکمت والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٥٠
اور کاش تم دیکھ سکتے جب قبض کرتے ہیں فرشتے ان کافروں کی جانوں کو ضربیں لگاتے ہوئے ان کے چہروں اور ان کی پیٹھوں پر اور (کہتے ہیں کہ اب) چکھو جلنے کا عذاب۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders