٣١

(اے نبی ﷺ !) کہہ دیجیے کہ اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا اور اللہ بخشنے والا رحم فرمانے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٢
کہہ دیجیے اطاعت کرو اللہ کی اور رسول ﷺ کی پھر اگر وہ پیٹھ موڑ لیں تو (یاد رکھیں کہ) اللہ کو ایسے کافر پسند نہیں ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٣
یقیناً اللہ نے ُ چن لیا آدم ؑ کو نوح ؑ کو آل ابراہیم ؑ کو اور آل عمران کو تمام جہان والوں پر

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٤
یہ ایک دوسرے کی اولاد سے ہیں اور اللہ سننے والا جاننے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٥
جب کہا عمران کی بیوی نے کہ اے میرے ربّ ! جو بچہ میرے پیٹ میں ہے اس کو میں تیری ہی نذر کرتی ہوں ہر ذمہ داری سے چھڑا کر پس تو اس کو میری طرف سے قبول فرما ! یقیناً تو سب کچھ سننے والا سب کچھ جاننے والا ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٦
تو جب اسے وضع حمل ہوا تو اس نے کہا اے میرے ربّ ! یہ تو میں ایک لڑکی جَن گئی ہوں اور اللہ بہتر جانتا تھا کہ اس نے کیا جنا ہے اور نہیں ہوگا کوئی بیٹا اس بیٹی جیسا اور میں نے اس کا نام مریم رکھا ہے اور (اے پروردگار !) میں اس کو اور اس کی اولاد کو تیری پناہ میں دیتی ہوں شیطان مردود (کے حملوں) سے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٧
تو قبول فرما لیا اس کو (یعنی حضرت مریم ؑ کو) اس کے رب نے بڑی ہی عمدگی کے ساتھ اور اس کو پروان چڑھایا بہت اعلیٰ طریقے پر اور اس کو زکریا ؑ کی کفالت میں دے دیا جب کبھی بھی زکریا ؑ ان کے پاس جاتے تھے محراب میں تو ان کے پاس رزق پاتے وہ پوچھتے اے مریم ؑ ! تمہیں یہ چیزیں کہاں سے ملتی ہیں ؟ وہ کہتی تھیں کہ یہ سب اللہ کی طرف سے ہے یقیناً اللہ تعالیٰ جس کو چاہتا ہے بےحساب عطا کرتا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٨
(حضرت زکریا ؑ کو یہ مشاہدہ ہوا تو انہوں نے) اسی وقت اپنے پروردگار سے ایک دعا کی انہوں نے کہا : اے میرے ربّ ! تو مجھے بھی اپنی جناب سے کوئی پاکیزہ اولاد عطا فرما دے یقیناً تو دعا کا سننے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٩
تو فرشتوں نے انہیں ندا دی جبکہ وہ اپنے حجرے میں کھڑے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں بشارت دیتا ہے یحییٰ ؑ کی جو تصدیق کرے گا اللہ کی طرف سے ایک کلمہ کی اور سردار ہوگا اور تجرد کی زندگی گزارے گا اور نبی ہوگا صالحین میں سے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٠
کہا : پروردگار ! میرے ہاں لڑکا کیسے ہوجائے گا ؟ جبکہ میں انتہائی بوڑھا ہوچکا ہوں اور میری بیوی بانجھ رہی ہے (اللہ نے) فرمایا : اسی طرح اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders