٣١

تو اللہ نے ایک کوّا بھیجا جو زمین کریدنے لگا تاکہ (اللہ) اسے دکھادے کہ اپنے بھائی کی لاش کو کیسے چھپائے (یہ دیکھا تو) اس نے کہا ہائے میری شامت ! میں اس کوّے جیسا بھی نہ ہوسکا کہ اپنے بھائی کی لاش کو چھپا دیتا پھر وہ بہت پشیمان ہوا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٢
اسی وجہ سے ہم نے بنی اسرائیل پر (تورات میں) یہ بات لکھ دی تھی کہ جس کسی نے کسی انسان کو قتل کیا بغیر کسی قتل کے قصاص کے یا بغیر زمین میں فساد پھیلانے (کے جرم کی سزا) کے گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کردیا اور جس نے اس (کسی ایک انسان) کی جان بچائی تو گویا اس نے پوری نوع انسانی کو زندہ کردیا اور ان کے پاس ہمارے رسول آئے تھے واضح نشانیاں لے کر لیکن اس کے باوجود ان میں سے بہت سے لوگ زمین میں زیادتیاں کرتے پھر رہے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٣
یہی ہے سزا ان لوگوں کی جو لڑائی کرتے ہیں اللہ اور اس کے رسول سے اور زمین میں فساد پھیلاتے پھرتے ہیں کہ انہیں (عبرت ناک طور پر) قتل کیا جائے یا انھیں سولی چڑھایا جائے یا ان کے ہاتھ اور پاؤں مخالف سمتوں میں کاٹ دیے جائیں یا انھیں ملک بدر کردیا جائے یہ تو ان کے لیے دنیا کی زندگی میں رسوائی ہے اور آخرت میں ان کے لیے (مزید) بہت بڑا عذاب ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٤
سوائے ان کے جو توبہ کرلیں اس سے پہلے کہ تم ان پر قابو پاؤ پس جان لو کہ اللہ تعالیٰ مغفرت فرمانے والا مہربان ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٥
اے اہل ایمان اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور اس کی جناب میں اس کا قرب تلاش کرو اور اس کی راہ میں جہاد کرو تاکہ تم فلاح پاؤ

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٦
یقیناً وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا اگر ان کے پاس وہ ساری دولت ہوجو کہ زمین میں ہے کل کی کل اور اس کے ساتھ اتنی ہی اور بھی ہو (اور وہ چاہیں) کہ وہ اس کے ذریعے سے فدیہ دے کر چھوٹ سکیں قیامت کے دن کے عذاب سے تو ان سے ہرگز قبول نہیں کی جائے گی اور ان کے لیے درد ناک عذاب ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٧
وہ چاہیں گے کہ آگ سے کسی طرح نکل جائیں لیکن نکل نہیں پائیں گے اور ان کے لیے ہوگا قائم رہنے والا عذاب

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٨
اور چور خواہ مرد ہو یا عورت ان دونوں کے ہاتھ کاٹ دو یہ بدلہ ہے ان کے کرتوت کا اور عبرت ناک سزا ہے اللہ کی طرف سے اور اللہ زبردست ہے حکمت والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٣٩
تو جس نے بھی توبہ کرلی اپنے اس ظلم کے بعد اور اصلاح کرلی تو اللہ ضرور قبول کرتا ہے اس کی توبہ کو یقیناً اللہ غفور ہے رحیم ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٤٠
کیا تم نہیں جانتے ہو کہ اللہ ہی کے لیے ہے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ؟ وہ سزا دے گا جس کو چاہے گا اور بخش دے گا جس کو چاہے گا اور اللہ ہرچیز پر قادر ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders