٧١

جس دن ہم بلائیں گے تمام انسانوں کو ان کے سرداروں کے ساتھ تو جس کو دیا جائے گا اس کا اعمال نامہ اس کے داہنے ہاتھ میں تو ایسے لوگ پڑھیں گے اپنے اعمال نامہ کو (خوشی کے ساتھ) اور ان پر ظلم نہ کیا جائے گا دھاگے کے برابر بھی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٢
اور جو کوئی اس دنیا میں اندھا رہا وہ آخرت میں بھی اندھا ہوگا اور راہ سے بہت دور بھٹکا ہوا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٣
اور (اے نبی !) یہ لوگ تو اس بات پر تلے ہوئے تھے کہ آپ کو فتنے میں ڈال کر اس چیز سے ہٹا دیں جو ہم نے آپ کی طرف وحی کی ہے تاکہ آپ اس کے علاوہ کوئی اور چیز گھڑ کر ہم سے منسوب کردیں اور اگر آپ ایسا کرتے تب تو یہ لوگ آپ کو اپنا گاڑھا دوست بنا لیتے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٤
اور اگر ہم آپ کو ثابت قدم نہ رکھتے تو عین ممکن تھا کہ آپ ان کی طرف کچھ نہ کچھ جھک ہی جاتے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٥
(اگر ایساہو جاتا) تب ہم آپ کو دگنی سزا دیتے زندگی میں اور دگنی سزا دیتے موت پر پھر نہ پاتے آپ اپنے لیے ہمارے مقابلے میں کوئی مددگار

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٦
اور یہ تلے ہوئے ہیں کہ آپ کے قدم اکھاڑ دیں اس زمین سے تاکہ آپ کو یہاں سے نکال باہر کریں اور (اگر ایسا ہوا تو) تب وہ خود بھی نہیں ٹھہریں گے آپ کے بعد مگر تھوڑا عرصہ

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٧
یہی (ہمارا) طریقہ رہا ان کے باب میں جنہیں ہم نے آپ سے پہلے بھیجا اپنے رسولوں میں سے اور آپ ہمارے طریقے میں کوئی تبدیلی نہیں پائیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٨
نماز قائم رکھیے سورج کے ڈھلنے سے لے کر رات کے تاریک ہونے تک اور قرآن کا پڑھا جانا فجر کے وقت یقیناً فجر کے وقت قرآن کا پڑھا جانا مشہود ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٧٩
اور رات کے ایک حصے میں آپ جاگیے اس (قرآن) کے ساتھ یہ اضافی چیز ہے آپ کے لیے امید ہے کہ آپ کا رب آپ کو مقام محمود پر فائز فرمائے گا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٠
اور دعا کیجیے کہ اے میرے رب مجھے داخل کر عزت کا داخل کرنا اور مجھے نکال عزت کا نکالنا اور مجھے خاص اپنے پاس سے مددگار قوت عطا فرما

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders