١١

کیا تم نے دیکھا نہیں ان لوگوں کو جو نفاق میں مبتلا ہیں وہ کہتے ہیں اپنے ان بھائیوں سے جنہوں نے اہل کتاب میں سے کفر کیا ہے کہ اگر تم لوگوں کو (کبھی مدینہ سے) نکالا گیا تو ہم تمہارے ساتھ نکلیں گے اور تمہارے معاملے میں ہم کسی کی بھی اطاعت نہیں کریں گے اور اگر تمہارے ساتھ جنگ کی گئی تو ہم لازماً تمہاری مدد کریں گے۔ اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ یہ بالکل جھوٹے ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٢
اگر وہ نکالے گئے تو یہ ان کے ساتھ نہیں نکلیں گے۔ اور اگر ان سے جنگ کی گئی تو یہ ان کی مدد نہیں کریں گے۔ اور اگر انہوں نے کبھی ان کی مدد کی بھی تو پیٹھ دکھا دیں گے پھر ان کی کہیں سے مدد نہیں ہو سکے گی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٣
(اے مسلمانو !) یقینا تمہارا ڈر ان کے دلوں میں اللہ کی نسبت شدید تر ہے۔ یہ اس لیے ہے کہ یہ ناسمجھ لوگ ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٤
یہ کبھی اکٹھے ہو کر تمہارے خلاف جنگ نہیں کریں گے سوائے اس کے کہ قلعہ بند بستیوں میں (رہ کر لڑیں) یا دیواروں کے پیچھے سے ان کے آپس کے جھگڑے بہت سخت ہیں۔ تم انہیں متحد گمان کرتے ہو حالانکہ ان کے دل پھٹے ہوئے ہیں۔ یہ اس لیے کہ یہ ایک ایسا گروہ ہیں جو عقل سے کام نہیں لیتے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٥
(ان کا وہی حال ہوگا) جیسے ان لوگوں کا معاملہ ہوا جو ان سے پہلے قریب ہی اپنے کیے کی سزا چکھ چکے ہیں اور ان کے لیے بہت ہی دردناک عذاب ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦
جیسے شیطان کی مثال جب وہ انسان کو کہتا ہے کہ کفر کر ! پھر جب وہ کفر کا ارتکاب کرلیتا ہی تو وہ (شیطان) کہتا ہے میں تم سے لاتعلق ہوں میں تو ڈرتا ہوں اللہ سے جو تمام جہانوں کا رب ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٧
تو ان دونوں کا انجام یہ ہے کہ وہ آگ میں رہیں گے ہمیشہ ہمیش۔ اور یہی ہے بدلہ ظالموں کا۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٨
اے اہل ِایمان ! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور ہر جان کو دیکھتے رہنا چاہیے کہ اس نے کل کے لیے کیا آگے بھیجا ہے اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو یقینا تم جو کچھ کر رہے ہو اللہ اس سے باخبر ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٩
اور (اے مسلمانو دیکھنا !) تم ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جنہوں نے اللہ کو بھلا دیا تو اللہ نے انہیں اپنے آپ سے غافل کردیا۔ یہی لوگ ہیں جو فاسق ہیں۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٢٠
(دیکھو !) برابر نہیں ہوسکتے آگ والے اور جنت والے۔ یقینا جنت والے ہی کامیاب ہوں گے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders