٩١

اور انہوں نے ہرگز اللہ کی قدر نہ پہچانی جیسا کہ اس کا حق تھا جب انہوں نے کہا کہ نہیں اتاری ہے اللہ نے کسی بھی انسان پر کوئی بھی چیز آپ ﷺ پوچھئے کہ پھر کس نے اتاری تھی وہ کتاب جو موسیٰ لے کر آئے تھے جو خود نور (روشن) تھی اور لوگوں کے لیے ہدایت بھی تھی ؟ تم نے اسے ورق ورق کردیا ہے اس (کے احکام) میں سے کچھ کو ظاہر کرتے ہو اور اکثر کو چھپا کر رکھتے ہو اور تمہیں سکھائی گئی تھیں (تورات کے ذریعے سے) وہ سب باتیں جو نہ تم جانتے تھے اور نہ تمہارے آباء و اَجداد کہیے (یہ سب نازل کیا تھا) اللہ نے پھر ان کو چھوڑ دیجیے کہ یہ اپنی کج بحثیوں کے اندر کھیلتے رہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٢
اور (اسی طرح کی) یہ ایک کتاب ہے جسے ہم نے نازل کیا ہے بڑی بابرکت ہے تصدیق کرنے والی ہے اس کی جو اس کے سامنے موجود ہے تاکہ آپ ﷺ خبردار کردیں اُمُّ القریٰ (مکہ) اور اس کے آس پاس کے لوگوں کو اور وہ لوگ جو آخرت پر ایمان رکھتے ہیں اس (قرآن) پر بھی ایمان لے آئیں گے اور وہی اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٣
اور اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جس نے کوئی بات گھڑ کر اللہ سے منسوب کردی یا (اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا) جو یہ کہے کہ مجھ پر وحی کی گئی ہے جب کہ اس پر کچھ بھی وحی نہ کی گئی ہو اور جو کہے کہ میں بھی اتار سکتا ہوں جیسا کلام اللہ نے اتارا ہے اور کاش تم دیکھ سکتے جبکہ یہ ظالم موت کی سختیوں میں ہوں گے اور فرشتے اپنے ہاتھ آگے بڑھا رہے ہوں گے (اور کہہ رہے ہوں گے) کہ نکالو اپنی جانیں آج تمہیں ذلت کا عذاب دیا جائے گا بسبب اس کے جو تم کہتے رہے تھے اللہ کی طرف منسوب کر کے ناحق باتیں اور جو تم اللہ کی آیات سے متکبرانہ اعراض کرتے رہے تھے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٤
(پھر ان سے کہا جائے گا) اور اب آگئے ہونا ! ہمارے پاس اکیلے اکیلے جیسا کہ ہم نے تمہیں پیدا کیا تھا پہلی مرتبہ اور تم چھوڑ آئے ہو اپنے پیچھے وہ سب کچھ جس میں ہم نے تمہیں لپیٹ دیا تھا اور ہم نہیں دیکھ رہے تمہارے ساتھ تمہارے وہ سفارشی بھی جن کے بارے میں تمہیں زعم تھا کہ وہ تمہارے معاملے میں شریک ہیں اب تمہارے مابین سارے رشتے ٹوٹ چکے اور وہ سب چیزیں تم سے گم ہوگئیں جن کا تم زعم کیا کرتے تھے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٥
یقیناً اللہ ہی دانے اور گٹھلی کو پھاڑنے والا ہے وہ نکالتا ہے زندہ کو مردہ میں سے اور وہی نکالنے والا ہے مردہ کو زندہ میں سے یہی تو ہے اللہ (اس کو پہچانو) لیکن تم کدھر الٹے جا رہے ہو

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٦
وہی ہے صبح کو پھاڑنے والا اس نے بنا دیا رات کو سکون کا وقت اور سورج اور چاند کو حساب کے لیے یہ اندازہ مقرر کیا ہوا ہے اس ہستی کا جو زبر دست ہے اور سب کچھ جاننے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٧
اور وہی ہے جس نے تمہارے لیے ستارے بنائے تاکہ تم ان سے خشکی اور سمندر کی تاریکیوں میں راستہ پاؤ ہم نے تو اپنی نشانیاں تفصیل سے بیان کردی ہیں ان لوگوں کے لیے جو علم رکھتے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٨
اور وہی ہے جس نے تمہیں اٹھایا ایک جان سے پھر تمہارے لیے ایک تو مستقل ٹھکانہ ہے اور ایک کچھ دیر (امانتاً) رکھے جانے کی جگہ ہم نے تو اپنی آیات کو واضح کردیا ہے ان لوگوں کے لیے جو سمجھ بوجھ سے کام لیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٩
اور وہی ہے جس نے اتارا آسمان (یا بلندی) سے پانی پھر ہم نے نکالی اس کے ذریعے سے ہر قسم کی نباتات پھر ہم نے اگائے اس سے سرسبز کھیت جن میں سے ہم نکالتے ہیں دانے تہ بر تہ ایک دوسرے کے اوپر چڑھے ہوئے اور کھجور کے گابھے میں سے لٹکتے ہوئے خوشے اور (ہم نے بنا دیے) باغات انگوروں کے اور زیتون اور انار کے جو (رنگ شکل اور ذائقے کے اعتبار سے) آپس میں مشابہ بھی ہیں اور مختلف بھی دیکھو اس کے پھل کو جب وہ پھل لاتا ہے اور دیکھو اس کے پکنے کو جب وہ پکتا ہے یقیناً اس میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو ایمان رکھتے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٠
اور انہوں نے اللہ کا شریک ٹھہرا لیا جنات کو حالانکہ اسی نے انہیں پیدا کیا ہے اور اس کے لیے انہوں نے گھڑ لیے ہیں بیٹے اور بیٹیاں بغیر کسی علمی سند کے وہ بہت پاک ہے اور بہت بلند وبالا ہے ان تمام چیزوں سے جو یہ بیان کر رہے ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders