٨١

اور اگر یہ ایمان لاتے اللہ پر اور نبی ﷺ پر اور اس پر جو نبی ﷺ پر نازل کیا گیا (یعنی قرآن حکیم) تو پھر انہوں نے اِن (کافروں) کو اپنا ولی نہ بنایا ہوتا لیکن ان کی اکثریت نافرمانوں پر مشتمل ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٢
تم لازماً پاؤ گے اہل ایمان کے حق میں شدید ترین دشمن یہود کو اور ان کو جو مشرک ہیں اور تم لازماً پاؤ گے مودّت کے اعتبار سے قریب ترین اہل ایمان کے حق میں ان لوگوں کو جنہوں نے کہا کہ ہم نصاریٰ ہیں یہ اس لیے کہ ان (عیسائیوں) میں عالم بھی موجود ہیں اور درویش بھی اور (اس لیے بھی کہ) وہ تکبر نہیں کرتے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٣
اور جب انہوں نے سنی وہ چیز جو کہ رسول ﷺ پر نازل کی گئی تھی تو تم دیکھتے ہو کہ حق کی جو پہچان انہیں حاصل ہوئی اس کے زیر اثر ان کی آنکھوں سے آنسو رواں ہوگئے (اور) وہ کہہ رہے ہیں اے ہمارے رب ہم ایمان لے آئے پس تو ہمیں لکھ لے گواہی دینے والوں میں سے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٤
اور ہمیں کیا ہوا ہے کہ ہم ایمان نہ لائیں اللہ پر اور اس حق پر جو ہم تک پہنچ گیا ہے اور ہمیں تو بڑی خواہش ہے کہ داخل کرے ہمیں ہمارا رب نیکو کار لوگوں کے ساتھ

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٥
تو اللہ نے ان کے اس قول کے بدلے انہیں وہ باغات عطا کیے جن کے دامن میں ندیاں بہتی ہیں جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور یہی بدلہ ہے احسان کی روش اختیار کرنے والوں کا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٦
رہے وہ لوگ جنہوں نے انکار کیا اور جھٹلا دیا ہماری آیات کو تو وہی لوگ ہیں جو جہنمی ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٧
اے ایمان والو نہ حرام ٹھہرا لو ان چیزوں کو جن کو اللہ نے تمہارے لیے حلال کیا ہے اور حد سے تجاوز نہ کرو یقینا اللہ حد سے تجاوز کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٨
اور کھاؤ ان حلال اور پاکیزہ چیزوں میں سے جو اللہ نے تمہیں دی ہیں اور اس اللہ کا تقویٰ اختیار کیے رکھو جس پر تمہارا ایمان ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٨٩
اللہ تعالیٰ مؤاخذہ نہیں کرے گا تم سے تمہاری ان قسموں میں جو لغو ہوتی ہیں لیکن وہ (ضرور) مؤاخذہ کرے گا تم سے ان قسموں پر جن کو تم نے پختہ کیا ہے سو اس کا کفارہّ ہے کھانا کھلانا دس مساکین کو اوسط درجے کا کھانا جیسا تم اپنے گھر والوں کو کھلاتے ہو یا ان کو کپڑے پہنانا یا کسی غلام کو آزاد کرنا پھر جو کوئی اس کی استطاعت نہ رکھتا ہو وہ تین دن کے روزے رکھے یہ کفارہّ ہے تمہاری قسموں کا جب تم قسم کھا (کر توڑ) بیٹھو اور اپنی قسموں کی حفاظت کیا کرو اس طرح اللہ تمہارے لیے اپنی آیات کو واضح فرما رہا ہے تاکہ تم شکر کرو

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

٩٠
اے اہل ایمان یقینا شراب اور جوا بت اور پانسے یہ سب گندے کام ہیں شیطان کے عمل میں سے تو ان سے بچ کر رہو تاکہ تم فلاح پاؤ۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders