١١١

اور (یاد کرو میرے احسان کو) جب میں نے اشارہ کیا حواریوں کو کہ ایمان لاؤ مجھ پر اور میرے رسول پر تو انہوں نے کہا ہم ایمان لائے اور (اے عیسیٰ ؑ آپ بھی) گواہ رہیے کہ ہم اللہ کے فرماں بردار ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٢
اور (ذرایاد کرو اس واقعے کو) جب حواریوں نے کہا کہ اے عیسیٰ ابن مریم کیا آپ کے رب کو یہ قدرت حاصل ہے کہ ہم پر آسمان سے ایک دستر خوان اتارے ؟ (جواب میں عیسیٰ ؑ نے) کہا اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اگر تم ایمان رکھتے ہو

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٣
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم اس (خوان) میں سے کھائیں اور ہمارے دل بالکل مطمئن ہوجائیں اور ہمیں معلوم ہوجائے کہ آپ ؑ نے جو کچھ ہم سے کہا وہ سچ ہے اور ہم اس پر گواہ بن جائیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٤
اس پر عیسیٰ ؑ ابن مریم نے دعا کی : اے اللہ اے ہمارے رب اتاردے ہم پر ایک دسترخوان آسمان سے جو عید بن جائے ہمارے لیے اور ہمارے اگلوں اور پچھلوں کے لیے اور ایک نشانی ہو تیری طرف سے اور ہمیں رزق عطافرما اور یقیناً تو بہترین رزق دینے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٥
اللہ نے ارشاد فرمایا (ٹھیک ہے) میں نازل کر دوں گا اس کو تم پر لیکن پھر اس کے بعد تم میں سے جو کوئی کفر کی روش اختیار کرے گا تو پھر اس کو میں عذاب بھی وہ دوں گا جو تمام جہانوں میں سے کسی اور کو نہیں دوں گا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٦
اور جب اللہ کہے گا کہ اے مریم کے بیٹے عیسیٰ ! کیا تم نے کہا تھا لوگوں سے کہ مجھے اور میری ماں دونوں کو معبود بنا لینا اللہ کے سوا ؟ وہ (جواب میں) عرض کریں گے (اے اللہ) تو پاک ہے میرے لیے کیسے روا تھا کہ میں وہ بات کہتا جس کے کہنے کا مجھے کوئی حق نہیں اگر میں نے وہ بات کہی ہوتی تو وہ تیرے علم میں ہوتی تو تو جانتا ہے جو کچھ میرے جی میں ہے اور میں نہیں جانتا جو تیرے جی میں ہے۔ یقیناً تمام پوشیدہ حقیقتوں کا جاننے والا تو بس تو ہی ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٧
میں نے ان سے کچھ نہیں کہا مگر وہی کچھ جس کا تو نے مجھے حکم دیا تھا (اور وہ یہی بات تھی) کہ بندگی کرو اللہ کی جو میرا بھی رب ہے اور تمہارا بھی رب ہے اور میں ان پر نگران رہا جب تک ان میں موجودرہا پھر جب تو نے مجھے اٹھا لیا تو (اس کے بعد) تو ہی نگران تھا ان پر اور یقیناً تو ہرچیز پر گواہ ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٨
اب اگر تو انہیں عذاب دے تو یہ تیرے ہی بندے ہیں اور اگر تو انہیں بخش دے تو تو زبردست ہے حکمت والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٩
اللہ فرمائے گا یہ آج کا دن وہ ہے جس دن سچوں کو ان کی سچائی فائدہ پہنچائے گی ان کے لیے باغات ہیں جن کے دامن میں ندیاں بہتی ہوں گی وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اللہ ان سے راضی ہوگیا اور وہ اللہ سے راضی ہوگئے۔ یہی ہے بڑی کامیابی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٢٠
اللہ ہی کے لیے ہے آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان میں ہے سب کی بادشاہی اور وہ ہرچیز پر قادر ہے۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders