١٠١

اور (اے مسلمانو !) جب تم زمین میں سفر کرو تو تم پر کوئی گناہ نہیں اگر تم نماز کو کچھ کم کرلیا کرو اگر تمہیں اندیشہ ہو کہ کافر تمہیں نقصان پہنچائیں گے یقینایہ کافر تمہارے کھلے دشمن ہیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٢
اور (اے نبی ﷺ جب آپ ﷺ ان کے درمیان موجود ہوں اور (حالت جنگ میں) انہیں نماز پڑھانے کھڑے ہوں تو ان میں سے ایک گروہ کو کھڑے ہونا چاہیے آپ ﷺ کے ساتھ اور وہ اپنا اسلحہ لیے ہوئے ہوں پھر جب وہ سجدہ کر چکیں تو تمہارے پیچھے ہوجائیں اور آئے دوسرا گروہ جنہوں نے ابھی نماز نہیں پڑھی اور وہ آپ ﷺ کے ساتھ نماز پڑھیں اور ان کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کا سامان اور اپنا اسلحہ اپنے ساتھ رکھیں یہ کافر لوگ تو اسی تاک میں رہتے ہیں کہ تم جیسے ہی اپنے اسلحہ اور سازو سامان سے ذرا غافل ہو تو وہ تم پر ایک دم ٹوٹ پڑیں اور تم پر کوئی گناہ نہیں ہے کہ اگر تمہیں کوئی تکلیف ہو بارش کی وجہ سے یا تم بیمار ہوجاؤ اور (ایسی صورتوں میں) تم اپنا اسلحہ اتار کر رکھ دو البتہ اپنا بچاؤ ضرور کرلیا کرو یقیناً اللہ نے کافروں کے لیے بہت ذلت آمیز عذاب تیارکر رکھا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٣
پھر جب تم (اس طریقے سے) نماز ادا کرلو تو پھر ذکر کرو اللہ کا کھڑے ہوئے بیٹھے ہوئے اور لیٹے ہوئے پھر جب تمہیں امن حاصل ہوجائے تو پھر نماز کو قائم کرو (تمام آداب و شرائط کے ساتھ) یقیناً نماز اہل ایمان پر فرض کی گئی ہے وقت کی پابندی کے ساتھ

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٤
اور اس دشمن گروہ کا پیچھا کرنے میں کمزوری نہ دکھاؤ اگر تمہیں تکلیف پہنچتی ہے تو تمہاری طرح انہیں بھی تو تکلیف پہنچتی ہے اور تم اللہ سے ایسی امیدیں رکھتے ہو جیسی امیدیں وہ نہیں رکھتے اور یقیناً اللہ علیم بھی ہے اور حکیم بھی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٥
(اے نبی ﷺ یقیناہم نے آپ ﷺ پر کتاب نازل کی ہے حق کے ساتھ تاکہ آپ ﷺ لوگوں کے مابین فیصلہ کریں اس کے مطابق جو اللہ نے آپ کو دکھایا ہے اور آپ ﷺ خیانت کرنے والوں کی طرف سے جھگڑنے والے نہ بنیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٦
اور اللہ سے استغفار کریں یقیناً اللہ تعالیٰ بخشنے والا بہت رحم کرنے والا ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٧
اور آپ ﷺ مت جھگڑئیے ان لوگوں کی طرف سے جو اپنی جانوں کے ساتھ خیانت کرتے ہیں یقیناً اللہ تعالیٰ کو بالکل پسند نہیں ہیں خیانت میں بہت بڑھے ہوئے اور گنہگار لوگ

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٨
یہ لوگوں سے تو چھپتے ہیں مگر اللہ سے نہیں چھپ سکتے اور وہ تو ان کے ساتھ ہوتا ہے جب وہ راتوں کو چھپ کر اس کی مرضی کے خلاف مشورے کرتے ہیں اور جو کچھ وہ کر رہے ہیں اللہ تعالیٰ اس کا احاطہ کیے ہوئے ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٠٩
یہ تم لوگ ہو جنہوں نے دنیا کی زندگی میں ان (مجرموں) کی طرف سے جھگڑا کرلیا مگر قیامت کے دن اللہ سے ان کے بارے میں کون جھگڑا کرے گا ؟ یا کون ہوگا جو (وہاں) ان کا وکیل بن سکے گا ؟

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١١٠
اور جو کوئیُ بری حرکت کرے یا اپنی جان پر کوئی ظلم کر بیٹھے اور پھر اللہ سے استغفار کرے تو وہ اللہ کو پائے گا بخشنے والا بہت رحم کرنے والا۔

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders