١٦١

یقیناً جن لوگوں نے کفر کیا اور وہ اسی حال میں مرگئے کہ کفر پر قائم تھے ان پر لعنت ہے اللہ کی بھی اور فرشتوں کی بھی اور تمام انسانوں کی بھی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٢
اسی (لعنت کی کیفیت) میں وہ ہمیشہ رہیں گے نہ ان پر سے عذاب میں کوئی کمی کی جائے گی اور نہ ان کو مہلت ہی ملے گی

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٣
اور تمہارا الٰہ ایک ہی الٰہ ہے اس کے سوا کوئی الٰہ نہیں ہے وہ رحمن ہے رحیم ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٤
یقیناً آسمان اور زمین کی تخلیق میں اور رات اور دن کے الٹ پھیر میں اور ان کشتیوں (اور جہازوں) میں جو سمندر میں (یا دریاؤں میں) لوگوں کے لیے نفع بخش سامان لے کر چلتی ہیں اور اس پانی میں کہ جو اللہ نے آسمان سے اتارا ہے پھر اس سے زندگی بخشی زمین کو اس کے ُ مردہ ہوجانے کے بعد اور ہر قسم کے حیوانات (اور چرند پرند) اس کے اندر پھیلادیے اور ہواؤں کی گردش میں اور ان بادلوں میں جو معلقّ کردیے گئے ہیں آسمان اور زمین کے درمیان یقیناً نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو عقل سے کام لیں

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٥
اور لوگوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جو اللہ کو چھوڑ کر کچھ اور چیزوں کو اس کا ہمسر اور مدمقابلّ بنا دیتے ہیں وہ ان سے ایسی محبت کرنے لگتے ہیں جیسی اللہ سے کرنی چاہیے اور جو لوگ واقعتا صاحب ایمان ہوتے ہیں ان کی شدید ترین محبت اللہ کے ساتھ ہوتی ہے اور اگر یہ ظالم لوگ اس وقت کو دیکھ لیں جب یہ دیکھیں گے عذاب کو تو (ان پر یہ بات واضح ہوجائے کہ) قوت تو ساری کی ساری اللہ کے پاس ہے اور یہ کہ اللہ سزا دینے میں بہت سخت ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٦
اس وقت وہ لوگ جن کی (دنیا میں) پیروی کی گئی تھی اپنے پیروؤں سے اظہار براءت کریں گے اور وہ عذاب سے دوچار ہوں گے اور ان کے تمام تعلقات منقطع ہوجائیں گے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٧
اور جو ان کے پیروکار تھے وہ کہیں گے کہ اگر کہیں ہمیں دنیا میں ایک بار لوٹنا نصیب ہوجائے تو ہم بھی ان سے اسی طرح اظہار براءت کریں گے جیسے آج یہ ہم سے بیزاری ظاہرکر رہے ہیں اس طرح اللہ ان کو ان کے اعمال حسرتیں بنا کر دکھائے گا لیکن وہ اب آگ سے نکلنے والے نہیں ہوں گے۔ اب ان کو دوزخ سے نکلنا نصیب نہیں ہوگا

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٨
اے لوگو ! زمین میں جو کچھ حلال اور طیبّ ہے اسے کھاؤ اور شیطان کے نقش قدم کی پیروی نہ کرو یقیناً وہ تمہارا کھلا دشمن ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٦٩
وہ (شیطان) تو بس تمہیں بدی اور بےحیائی کا حکم دیتا ہے اور اس کا کہ تم اللہ کی طرف وہ باتیں منسوب کرو جن کے بارے میں تمہیں کوئی علم نہیں ہے

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

١٧٠
اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ پیروی کرو اس کی جو اللہ نے نازل کیا ہے وہ جواب میں کہتے ہیں کہ ہم تو پیروی کریں گے اس طریقے کی جس پر ہم نے اپنے آباء و اجداد کو پایا ہے اگرچہ ان کے آباء و اَجداد نہ کسی بات کو سمجھ پائے ہوں اور نہ ہدایت یافتہ ہوئے ہوں (پھر بھی وہ اپنے آباء و اَجداد ہی کی پیروی کرتے رہیں گے ؟)

بیان القرآن (ڈاکٹر اسرار احمد)

Notes placeholders